293

آئین کیخلاف سازش کر کے حکومت لی تو سولی پر لٹکایا جائے۔۔وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ثابت ہوجائے کہ آئین کیخلاف سازش کر کے حکومت لی تو سولی پر لٹکایا جائے۔

وزیراعظم نے بارہ کہوبائی پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آڈیو لیکس سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگیا، ان کی حکومت ہوتی تو ملک خدانخواستہ دیوالیہ ہوچکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیکس کے بعد کسی کو کچھ کہنے کی ضرورت نہیں تھی، آڈیو لیکس سے پہلے سنجیدہ لوگ جانتے تھے اس میں کوئی حقیقت نہیں، کیا کریں ہر پارٹی کے فالوورز ہوتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مہنگائی آپ سے لی مجبوری تھی آئی ایم ایف ناک سے لکیریں کھچوارہا تھا، آئی ایم ایف کہتا تھا یہ شرطیں مانو ورنہ گھر جاؤ۔

‘برادرملکوں نے بتایا کہ یہ کتنا تکبر سے بھرا شخص ہے’

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اتنا جھوٹ بولا گیا جتنا ہٹلر کے زمانے میں بولا جاتا تھا، برادرملکوں نے بتایا کہ یہ کتنا تکبر سے بھرا شخص ہے، ثابت ہوجائے کہ آئین کیخلاف سازش کرکے حکومت لی توسولی پر لٹکایا جائے، یہ بات اسمبلی فلور پر کھڑے ہو کر کہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو کھاتا ہے کہ میں باہر جاکر مانگتا ہوں، عوامی منصوبے تب مکمل ہوتے ہیں جب دل میں درد اور احساس ہو، میں نے 40سال بڑے بھائی کی قیادت میں حالات میں اتار چڑھاؤ دیکھا، ہم نے40سال میں آمریت کا دور دیکھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ روز آڈیو لیکس سے عمران خان کا ارادہ ظاہر ہوا، دنیا نے دیکھ لیا ایک منتخب وزیراعظم کس انداز میں کیا بات کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے بارہ کہو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بارہ کہو منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

اس حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم عوامی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں، اس منصوبے کا معاہدہ شفاف بولی کے ذریعے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی منصوبہ 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا، این ایل سی سے گزارش ہے منصوبے کو 3ماہ میں مکمل کیا جائے اور کوشش ہوگی منصوبے کے تخمینے میں کمی کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ ساڑھے 6ارب کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، منصوبے کی لاگت میں مزید کمی ہوسکتی ہے تو اچھی بات ہے۔کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا’

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک جام کے مسائل سے نجات ملے گی اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی سربراہی میں ایسے منصوبے ڈیڑھ یا 2ماہ میں بھی مکمل ہوئے، گرمیوں میں پورے ملک سے لوگ اسی روٹ پر سفر کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں