اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کو ختم کرتے ہوئے نوٹس ڈسچارج کر دیا۔
اسلام آباد (انمول نیوز) – اسلام آباد ہائی کورٹ نے خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کو ختم کرتے ہوئے نوٹس ڈسچارج کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ نے کی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے بادی النظر میں یہ توہین عدالت تھی، تاہم عمران خان کا معافی کا بیان حلفی اور رویہ قابل اطمینان ہے، عمران خان نے نیک نیتی ثابت کی اور معافی مانگنے گئے۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے مؤقف پیش کیا کہ عمران خان نے غیر مشروط معافی نہیں مانگی، وکیل حامد خان نے مؤقف اپنایا کہ ہم نے عدالتی حکم پر بیان حلفی جمع کرایا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے عمران خان کے رویے پر توہین عدالت کی کارروائی ختم کر رہے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس خارج کردیا۔