توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کا متفقہ فیصلہ سنایا۔
الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کیا کہا؟
الیکشن کمیشن نے اپنے متفقہ فیصلے میں کہا ہے کہ ہماری رائے ہے کہ عمران خان نااہل ہیں، رکنِ قومی اسمبلی نہیں رہے، ان کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کا فیصلہ بھی کر لیا۔
فواد چوہدری، اسد عمر کو گیٹ پر روک لیا گیا
پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، اسد عمر، فیصل جاوید، شیریں مزاری اور ملیکہ بخاری الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔
فواد چوہدری اور اسد عمر کو الیکشن کمیشن کے گیٹ پر روک لیا گیا۔
پی ٹی آئی کے کارکن بھی بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن پہنچے تھے تاہم پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر کے انہیں واپس بھیج دیا۔
ڈی آئی جی اسلام آباد خود بھی الیکشن کمیشن میں موجود ہیں۔