یوم کشمیر پر بڑے شہروں میں ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے

ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ یوم یکجہتی کشمیر پر ملک کے بڑے شہروں میں علاقائی پاسپورٹ دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان امیگریشن ہیڈ کوارٹرز کا کہنا ہے کہ لاہور، کراچی، اسلام آباد کے علاقائی پاسپورٹ دفاتر عوام کے لیے کھلے رہیں گے۔ریجنل پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن لاہور اور عوامی مرکز کراچی کھلے رہیں گے۔اس کے علاوہ اسلام آباد کا ریجنل پاسپورٹ آفس جی ٹین بھی کھلا رہے گا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔یہ فیصلہ شہریوں کی سہولت اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے کہ وہ بغیر کسی پریشانی کے پاسپورٹ خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستانی قوم کی مکمل حمایت کے اظہار کے لیے آج 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔اس دن کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ملک بھر اور آزاد کشمیر میں یکجہتی واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں کانسٹی ٹیوشن ایونیو پر ریلی نکالی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں