ملک بھر میں بارش نے رنگ جما دیا،جاتی سردی پھر لوٹ آئی، موسلادھار بارش سے موسم سرد

ملک کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم سرد ہوگیا، پھر سردی دوبارہ لوٹ آئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور، چیچہ وطنی، فیروز والا، گوجرہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بارش ہوئی، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل چھائے رہے۔پشاور میں موسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، کوئٹہ سمیت مختلف شہریوں میں وقفے وقفے سے بارش سے سردی بڑھ گئی، سندھ کے مختلف علاقوں گھوٹکی، اوباڑو اور گردونواح میں بھی بادل چھائے رہے۔پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں آج مزید بارش کی پیشگوئی، خطہ پوٹھوہار میں ژالہ باری کی پیش گوئی، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ بڑھ گیا۔ رات گئے شروع ہونے والی بارش سے لاہور میں بھی موسم خوشگوار ہو گیا۔بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے لاہور شہر کا موسم بدل کر رکھ دیا، مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسلادھار بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش کا امکان ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں