جدید اسلحے سے لیس ہیوی ڈیوٹی 400 چنیوک ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں کی رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے بھاری سامان لے جانے والے بڑے ہیلی کاپٹروں کی پرواز بند کرنے کا فیصلہ گزشتہ کچھ عرصے میں ان کے انجن میں آگ لگنے کے واقعات کے بعد کیا۔

چنیوک ہیلی کاپٹرز ویت نام سے لے کر مشرق وسطیٰ تک امریکی جنگوں کا آئیکن سمجھے جاتے تھے۔ امریکی فوج کے بیان کے مطابق اس فیصلے کے بعد بہترین اسلحے سے لیس ہیوی ڈیوٹی 400 چنیوک ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکیں گے۔

چنیوک ہیلی کاپٹرز کے انجن بنانے والی کمپنی ’ہنی ویل‘ نے خرابی کی وجہ ایک پرزے کو قرار دیا ہے جو ایچ 47 کے دیگر پرزوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔

فوج کی ترجمان سنتھیا سمتھ نے بتایا کہ ’فوج نے ایندھن کے رسنے کی بنیادی وجہ کی نشاندہی کی جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹروں کی ایک مخصوص تعداد کے انجن میں آگ لگی۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اصلاحی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اگرچہ کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا، تاہم فوج نے ایچ 47 کے بیڑے کو عارضی طور پر احتیاط کے باعث گراؤنڈ کر دیا جب تک کہ خرابی کو دور نہ کر لیا جائے۔

چنیوک ہیلی کاپٹر کو سی ایچ کے نام سے جانا جاتا ہے اور امریکی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور تقریباً 20دیگر ممالک میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس ہیلی کاپٹر کو بوئنگ کمپنی نے بنایا ہے۔ دو روٹرز والے ہیلی کاپٹر بھاری بوجھ اٹھا سکتے ہیں اور جنگی حالات کے لیے اچھی طرح سے مسلح ہیں۔

یہ ہیلی کاپٹرز اکثر تباہی کے بعد امدادی مشن میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ رواں سال کے آغاز میں جرمنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ 60 چنیوک خریدے گا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں