ہمارے عظیم لیڈر علامہ اقبال کی سوچ تھی کہ یہ قوم آزاد اور غیرتمند ہو اور سب اس قوم کا احترام کریں، میری یہ دعا ہے کہ جب پاکستانی بیرون ملک جائیں تو لوگ ان کی عزت کریں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے گجرات میں ہونے والے پارٹی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہماری حکومت کو سازش کے تحت ہٹایا گیا تو 150 روپے لیٹر پر پیٹرول تھا اور ایک سو پنتالیس پر ایک لیٹر فضل ارحمن تھا، جب ڈیزل مہنگا ہوتا ہے تو سب کچھ مہنگا ہو جاتا ہے۔
اللہ نے ہماری قوم کو بیدار کر دیا ہے
عمران خان نے کہا کہ میں اپنی قوم کو حقیقی آزادی کیلئے جگا رہا ہوں اور مجھے خوشی ہے کہ میری قوم کافی حد تک جاگ بھی گئی ہے، اللہ نے ہماری قوم کو بیدار کر دیا ہے، پہلے شعور آتا ہے اور پھر انقلاب آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو بڑے خواب دیکھیں، میرے نوجوانوں آپ لوگوں نے بہت بڑے خواب دیکھنے ہیں۔ میرے مولا نے پاکستان کو سب کچھ دیا ہے، اس ملک کی زمین زرخیز ہے، چاروں موسم ہیں، عقلمند نوجوان ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جب تک کوئی حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوتا، اس کی پرواز اوپر نہیں جاتی، غلام اوپر نہیں جا سکتے، غلام صرف اچھے غلام بن سکتے ہیں لیکن آزاد انسان علامہ اقبال کے شاہین بن سکتے ہیں۔
عزت صرف تب ملے گی جب آپ اپنی عزت خود کریں گے
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قائد اعظم غلام ہندوستان میں آزاد لیڈر تھے، دشمن بھی ان کو عزت سے دیکھتے تھے، جتنا مرضی پیسا کما لو پر عزت نہیں ملے گی، عزت صرف تب ملے گی جب آپ اپنی عزت خود کریں گے، جو لیڈرز اپنی قوم کی عزت نہیں کرتے تو ان کی کہیں عزت نہیں ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک سوال کا جواب دیں کہ اگر آپ کے سامنے کوئی مانگنے والا آئے اور پیسے مانگے تو آپ کو کیسا لگے گا؟ یہ چیز تو آپ کے ملک کا سربراہ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قران میں اللہ نے کہا کہ میں نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور فرشتوں سے ان کو سجدہ کرنے کو کہا تو شیطان نے سجدہ کرنے سے منا کر دیا کہ میں تو آگ سے بنا ہوں، میں اس مٹی کے پتلے کو سجدہ نہیں کروں گا، اللہ نے شیطان کو جواب دیا کہ فرشتوں کو بھی نہیں پتا کہ میں نے انسانوں میں کتنی صلاحیت رکھی ہے، تو نوجوانوں آپ لوگوں کو بھی نہیں پتا کہ آپ میں اللہ نے کتنی صلاحیت رکھی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ سب حقیقی آزادی کیلئے تیار ہو جائیں، آپ نے میرے ساتھ نکلنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم کو جوتے پالش کرنا بہت اچھا لگتا ہے، جتنے بڑے بوٹ اتنی اچھے صفائی، عمران خان امریکہ کو اس لیے پسند نہیں تھا کیونکہ وہ کسی کی غلامی نہیں کرتا تھا، اپنے لوگوں کی مدد کرنا چاہتا تھا، اگر روس مجھے سستا تیل دے رہا ہے تو میں کیوں نہ لوں؟ اگر ہندوستان روس سے 40 فیصد کم میں تیل خرید سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں خرید سکتے؟
ان کا کہنا تھا کہ میں یہ اعلان کرتا ہوں کہ امریکہ ہم تمہارے ساتھ ہیں لیکن تمہارے کسی جنگ میں شریک نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سمیع ابراہیم، عمران ریاض، ارشد شریف، صابر شاکر پر اس حکومت نے ظلم کیا، سمیع ابراہیم کو اس حکومت نے مارنے کی کوشش کی، عمران ریاض کو جیل میں ڈالا، بول نے جب سچ دکھایا تو اس چینل کو بھی بند کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 سال پہلے میں نے کہا تھا کہ عدلیہ کو آزاد ہونا چاہیے، مجھے اس پر جیل میں ڈالا گیا، 2018 کا الیکشن ہم نے اس وجہ سے چھوڑا، اب ن لیگ کہہ رہی ہے کہ عدلیہ عمران خان کے خلاف ایکشن لے، ن لیگ شرم کرو، تمہارے نواز شریف نے عدلیہ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، ن لیگ اپنا منہ بند ہی رکھے تو بہتر ہے۔
بلاول خدا کے واسطے 14 سال میں اردو تو سیکھ لو
عمران خان نے کہا کہ بلاول خدا کے واسطے 14 سال میں اردو تو سیکھ لو پھر کچھ بولنا، دشمن پہلے مجھے پولتے تھے کہ میں آئی ایم ایف کا غلام ہوں، اب یہ خود کیا کر رہے ہیں؟ اقتدار سے پہلے آئی ایم ایف کی برائی کرتے رہتے تھے اور اقتدار کے بعد اب آئی ایم ایف کی اچھائی دکھنے لگی، یہ ہوتی ہے اصل منافقت۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پیٹرول 150 روپے لیٹر اور ڈیزل تھا ایک سو پنتالیس روپے لیٹر، آج پیٹرول دو سو چھتیس روپے ہو گیا ہے اور ڈیزل 10 روپے مہنگا ہو گیا۔ ہمارے دور میں ایس پی آئی 17 سے 18 فیصد تھا اور آج پینتالیس فیصد ہو گیا ہے۔ ہمارے دور میں تیل عالمی مارکیٹ کے اندر 103 اور 110 ڈالر تھا اور آج چھیانوے ڈالر ہے یعنی کم ہوا ہے تو پھر ملک میں مہنگائی کیوں ہو رہی ہے؟
امپورٹڈ حکومت اپنی چوری چھپانے کیلئے اقتدار میں آئے تھے
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مہنگائی ختم کرنے اقتدار میں نہیں آئے تھے، یہ تو اپنی چوری چھپانے آئے تھے، جب ملک کے سربراہ چوری کرتے ہیں تو ملک تباہ ہو جاتا ہے، جب انصاف آئے گا تو چوری ختم ہو گی، اس لیے آپ لوگوں نے میرے ساتھ اس جنگ میں لڑنا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 20 سال کرکٹ کے گراؤنڈ پر کھیلنے کے بعد مجھے اندازہ ہو گیا ہے کہ اب وہی وقت دوبارہ آگیا ہے، تو پی ڈی ایم تم کچھ بھی کر لو، اپنے آقائوں کے گھٹنے دبا لو، جتنی کوشش کر لو لیکن تم لوگ یہ میچ نہیں جیت سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے کئی علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، میں ان کیلئے پیسے جمع کر رہا ہوں، ہم تیاری کر رہے ہیں کہ دیکھیں کہ کہاں کہاں لوگوں کو ہماری ضرورت ہے، میں ان سیلاب متاثرین کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔