پاکستانی افواج غیرمعمولی صورتحال میں اپنی عوام کےشانہ بشانہ کھڑی ہے ، مشکل وقت میں انکو تنہا نہیں چھوڑیں گے.
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) میجر جنرل بابر افتخار نے میڈیا سے بریفنگ میں بتایا کہ افواج پاکستان سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے دن رات کام کررہی ہیں جوانوں نے جان خطرے میں ڈال کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا،یہ ہی وہ جذبہ جس میں ہمارےافسران اور جوان ہیلی کاپٹرحادثےمیں شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہم اپنے عوام کو کسی بھی سطح پر تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاک فوج کا ہر افسر اور جوان امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آرمی چیف نے سندھ ، کے پی اوردیگرمتاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، تمام فارمیشنرز اپنےعلاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ آرمی ایوی ایشن اور نیوی کے ہیلی کاپٹرزسخت موسمی چیلنجز کے باوجود بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 147 ریلیف کیپ قائم ہیں ،ان امدادی کیمپس میں 50ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جہاں جہاں فوج کی ضرورت ہے وہاں موجود ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نیوی ،ایئرفورس کے ہیلی کاپٹرز مسلسل ریسکیو کے عمل میں مصروف ہیں، کمراٹ اور کالام میں پھنسے لوگوں سے رابطہ کرکے ریلیف کیمپ پہنچایا گیا۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستان ایئرفورس کاایریل رسپانس خاص طورپرقابل ذکر ہے ، آرمی کی جانب سے کثیر تعداد میں ٹینٹ اور خوراک مہیا کی گئی ، 17سو83ٹن راشن متاثرین میں تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ ایئرفورس نے 23ہزارسے زائدافراد کو ریسکیو کیا۔
پاک بحریہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان نیوی کی جانب سے 55ہزار فوڈ پیکٹ متاثرین کو دیے جاچکے اور اب تک 10ہزار متاثرین کو ریسکیو کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک نیوی کی ایمرجنسی ٹیم سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہے، پاکستان نیوی کی جانب سے 55 ہزار فوڈ پیکٹ متاثرین تک پہنچائے گئے اور اب تک 10ہزار متاثرین کو ریسکیو کیا ہے جبکہ پاک نیوی کے 19 میڈیکل کیمپ میں 10 ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آرمی کے تمام جنرل افسران نے اپنی ایک ماہ کی تنخوا ریلیف فنڈمیں جمع کرائی ، جی ایچ کیومیں ہونے والی مرکزی تقریب موخر کی ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ شہداکی بدولت ہم آزادہیں، پاکستانی افواج ہمیشہ غیرمعمولی صورتحال میں عوام کےشانہ بشانہ کھڑی ہے، ہم اس ناگہانی آفت سے باہرنکلیں گے۔
انھوں نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال میں 1135 پر اور خیبرپختونخوا سے ہیلپ لائن 1125پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔