وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے عالمی تعاون کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائت پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کابل میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیر اعظم نے کابل خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے نقصان پہ اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کابل کے علمی مرکز میں ہولناک خودکش حملہ میں کم عمر بچوں کی ہلاکت پہ گہرا دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وحشیانہ عمل کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے تاہم ہم افغانی عوام اور غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی کہا تھا کہ دہشت گردی سے نہ صرف افغانستان، پاکستان بلکہ اقوام عالم کو بھی خطرہ ہے جس کے لئے عالمی تعاون کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ کابل میں ایک تعلیمی مرکز پر خودکش بم حملے میں کم از کم 23 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر نوجوان طالبات شامل ہیں۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کے مطابق دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:30 بجے ہوا جب طلباء یونیورسٹی کے داخلے کے امتحان کی تیاری کر رہے تھے۔
جاں بحق افراد زخمیوں کی بڑی تعداد کو قریب میں واقع علی جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔