سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں پر آج ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور ہونے کے بعد خالی ہونے والی پنجاب کی 4، خیبرپختونخوا اور سندھ کی 2 نشتوں پر آج ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔
پنجاب میں ایک ہزار 434، خیبرپختونخوا میں 979 اور کراچی میں 340 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
ملک کی سیاسی تاریخ میں یہ منفرد مثال ہوگی کہ ایک امیدوار (چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان) 8 میں سے 7 نشستوں پر انتخاب لڑ رہے ہیں۔
آزاد امیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے کُل 101 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، پنجاب میں 52، سندھ میں 33 اور خیبرپختونخوا میں 16 امیدوار ہیں، ان حلقوں میں تقریباً 44 لاکھ 72 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پولنگ میں عوام بھرپور حصہ لیں، یہ آئینی و قانونی عمل ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کر سکتے ہیں۔
سابق وزیراعظم و چئیر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے ہر فرد گھر سے نکلے اور اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے۔
کراچی سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں این اے 237 اور این اے 239 پر ضمنی انتخاب کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران خان ہیں۔ ان دونوں نشستوں سے مجموعی طور پر 33 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
این اے 239 کے لیے 22 امیدوار میدان میں ہیں، عمران خان، ایم کیو ایم (پاکستان) کے نئیر رضا اور ٹی ایل پی کے محمد یاسین کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے۔
تمام حلقوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور پولنگ والے حلقوں میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کے دوران موبائل استعمال پر سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔