306

62 فیصد برطانوی شہری کرسمس کا تہوار سادگی سے منائیں گے. بی بی سی سروے رپورٹ

لندن: (انمول نیوز) اخراجات زندگی میں اضافے کے سبب شہریوں نے اس سال کرسمس پرخرچ کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی بی سی کے ایک سروے کے دوران 62 فیصد برطانوی شہریوں نے بتایا کہ وہ کرسمس کا تہوار سادگی سے منائیں گے اور اس سال کرسمس پر معمول سے کم خرچ کریں گے، 40,000پونڈ سے کم آمدنی والے گھرانے اس سال معمول سے بہت کم خرچ کرنے کا پروگرام بنا رہے ہیں۔
بی بی سی کیلئے سروے کرنے والے ادارے سوانتا کومریس نے 4,132افراد سے بات چیت کی، ان میں سے صرف 3 فیصد افراد نے کہا کہ وہ گزشتہ سال سے بھی زیادہ بڑی کرسمس منائیں گے۔
یہ سروے گزشتہ مہینے چانسلر جیریمی ہنٹ کی جانب سے ٹیکسوں میں کی گئی بعض کٹوتیاں واپس لینے کے اعلان سے قبل کیا گیا تھا۔ سمرسٹ سے تعلق رکھنے والی خاتون کرسٹی نے بتایا کہ اسے خدشہ ہے کہ اس دفعہ کرسمس کا لنچ ٹیسکو کے مائیکرو ویو کھانے تک محدود رہے گا۔
گزشتہ سال اس نے اپنے بیٹے کے ساتھ ٹرلہ۔ہیم اور سبزیاں کھائی تھیں لیکن اس سال وہ ٹرکی پکانے کیلئے خرچ ہونے والی بجلی کا بل ادا کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔ اس نے کہا کہ اب کوکر جلانا افورڈ نہیں کرسکتی، اب میں مائیکروویو استعمال کرتی ہوں۔ اس لئے میں اپنے اور اپنے بیٹے کیلئے ٹرکی تیار کرنے کیلئے کوکر کیسے استعمال کرسکتی ہوں، اب یہ کر سکتے ہیں کہ آپ کوئی ٹیک اوے انڈین میل ٹیسکو سے خریدیں اور اسے مائیکروویو میں گرم کر کے کھالیں۔ کرسمس پر تحائف دینے کا پروگرام بھی انھیں مختصر کردیا ہے۔

ہاسپٹیلٹی سے متعلق اداروں کا کہنا ہے کہ کرسمس پورے سال میں ان کے لئے دولت کمانے کا موقع ہوتا ہے اور وہ توقع کررہے تھے کہ حالات معمول پر آجائیں گے لیکن اب 25-34سال عمر کے نوجوانوں نے حیرت انگیز طورپر کرسمس پر اپنے اخراجات کم کرنے کا پروگرام بنایا ہے اور اس عمر کے 75 فیصد افراد کا کہنا ہےکہ وہ کرسمس کے اخراجات کم کررہے ہیں۔ اخراجات زندگی میں اضافہ کی وجہ سے لوگ کرسمس پر خر چ کیلئے رقم جمع نہیں کر رہے ہیں اور 55 فیصد لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ کرسمس سے قبل رقم جمع نہیں کر رہے۔

40 فیصد افراد نے کرسمس پر تحائف دینے اور کھانے پینے پر خرچ کرنے کیلئے رقم جمع کی تھی لیکن اب بہت کم لوگ سیروتفریح کیلئے یا کسی سوشل ایونٹ میں شرکت کا پروگرام بنا رہے ہیں۔ ٹریژری کے ایک ترجمان نے کہا ہےکہ حکومت نے نیشنل انشورنس میں اضافہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے اور لوگوں کی مدد کیلئے یونیورسل کریڈٹ میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں۔

یوکرین کی جنگ کی وجہ سے دنیا کے تمام ممالک میں لوگوں کو اخراجات زندگی میں اضافے کے مسئلے کا سامنا ہے اور حکومت کو معلوم ہے کہ اس سے برطانیہ کے عوام بھی شدید متاثر ہو رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس موسم سرما کے دوران انرجی کی قیمتوں کی ضمانت کے ذریعہ بلز میں اضافے کو روکا ہے اور 8 ملین افراد کو کم ازکم 1,200 پونڈ اضافی اخراجات زندگی الاؤنس دے رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں