لاہور:(انمول نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پر اتنا ظلم ہو رہا ہے جیسے یہ پاکستان نہیں کشمیر یا فلسطین ہے۔
عمران خان کا انسدادِ دہشتگردی عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مینار پاکستان جلسے کو ناکام بنانے کےلیے ہمارے 1600 کارکنان کو گرفتارکیا گیا ہے، میری عوام سے درخواست ہے مینار پاکستان پہنچیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ آج ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ لاہور میں ہوگا آج یہ دیکھیں گے،عوام گھروں سے نکلیں گے، یہ ہم پر ظلم کر رہے ہیں اور تحریک انصاف کو کچلنے کا ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جو قوم بڑی شان سے آزاد ہوئی تھی ان لوگوں نے آزادی کو بالکل ختم کر دیا، ہمارے لوگوں اغواء کر رہے ہیں، ہم پر جو ظلم و تشدد ہو رہا ہے جیسے یہ مقبوضہ کشمیر یا فلسطین ہے، یہ جو بھی حربہ استعال کریں گے اس کا آج ردعمل آئے گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہم دلدل میں پھنس رہے ہیں، لوگ آٹے کی لائنوں میں مر رہے ہیں، لوگوں کو بتائیں گے کہ کس طرح ملک کو دلدل سے نکالیں گے، کارکنوں سے کہا کہ ظلم ہو رہا ہے، لیکن یہ حقیقی آزادی کی جنگ و جہاد ہے جس میں قربانیاں دینی پڑیں گی، میں بھی تیار ہوں، ہم کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، خوف کی زنجیریں توڑنی ہیں۔