294

اعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

ایشیا کپ 2022ء کے اہم میچ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد سری لنکا نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر ایونٹ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 184 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کرلیا۔

اس شکست کےساتھ ہی بنگلہ دیشی ٹیم ایشیا کپ 2022 سے آؤٹ ہوگئی۔کوشل مینڈس کی قسمت اور بنگلہ دیش کی خراب بولنگ شکیب الیون کو ایونٹ سے باہر کرنے کی وجہ بن گئی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز پاتھم نسانکا اور کوشل مینڈس نے اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے 45 رنز کی پارٹنرشپ بنائی، تاہم اس مقام پر بنگلہ دیش نے اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی اور 77 کے مجموعے تک سری لنکن ٹاپ آرڈر کے 4 اہم کھلاڑیوں کو پویلین لوٹا دیا۔
ایسے میں کوشل مینڈس اور دسن شناکا نے 54 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو جیت کی جانب گامزن کیا ہی تھا کہ 131 کے مجموعے پر پانچ چانسز لے کر اننگز جاری رکھنے والے کوشل مینڈس 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان دسن شناکا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا لیکن 18ویں اوور میں 158 کے مجموعے پر 45 بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
جب سری لنکا کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 25 رنز درکار تھے ایسے میں بنگلہ دیشی بولر عبادت حسین نے 17 رنز دے دیے۔
آخری اوور میں پنالٹی کی صورت میں بنگلہ دیش کے صرف 4 بولرز دائرے سے باہر رہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف سری لنکا نے دو گیندوں میں 8 رنز حاصل کرلیے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے عبادت حسین 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، تسکین احمد نے دو وکٹیں لیں جبکہ مہدی حسن اور مستفیض الرحمان کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
خیال رہے کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
اننگز کے دوران بنگلہ دیشی بیٹرز نے تحمل کا مظاہرہ کیا جہاں ان کی وکٹیں بھی گرتی رہیں لیکن وہ سری لنکن بولرز سے رنز بھی بٹورتے رہے۔
ابتدائی بلے بازوں میں مہدی حسن میراز 38 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ ان کے ساتھ کپتان شکیب الحسن نے 24 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
جب گیارہویں اوور میں 87 رنز پر 4 بنگلہ دیشی کھلاڑی آؤٹ ہوئے تو آنے والے دیگر کھلاڑیوں نے اپنے گیئر تبدیل کیے اور جارحانہ کھیل پیش کیا۔
ایسے میں عفیف حسین نے 22 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کے رن ریٹ میں قابلِ ذکر تبدیلی کروادی، جبکہ ان کے بعد محمود اللّٰہ کے 27 اور مصدق حسین کے ناقابلِ شکست 9 گیندوں پر 24 رنز نے بنگلہ دیش کو 183 کے مجموعے تک پہنچایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں