327

ایشیاکپ: پاکستان ایشیاکپ 2022 کے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو 155 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پلے فور میں پہنچ گیا

شارجہ: پاکستان ایشیاکپ 2022 کے گروپ میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دے کر پلے فور مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے میچز جاری جس کے گروپ اسٹیج کا آخری اور فیصلہ کن میچ پاکستان اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

اس میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جب کہ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان سب سے زیادہ 78 رنز بناکر اور خوشدل شاہ 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ فخرزمان نصف سنچری کی بدولت 53 رنز اور بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے احسن خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 میں رنز کے اعتبار سے سب سےبڑی فتح اپنے نام کرلی ہے۔

پاکستان نے ہانگ کانگ کو جیت کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا لیکن حریف ٹیم صرف 38 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یوں گرین شرٹس نے میچ 155 رنز کے بڑے مارجن سے جیت لیا۔

اس سے پہلے پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرایا تھا، 155 رنز کی فتح مجموعی طور پر کسی بھی ٹیم کی جیت کا 9واں بڑا مارجن ہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں 9واں کم ترین ٹوٹل اب ہانگ کانگ کا 38 رنز آل آؤٹ ہے۔

پاکستان کے خلاف ایشیا کپ کا میچ ہارنے پر کپتان ہانگ کانگ نزاکت خان نے کہا کہ پاکستان نے بہت اچھا کھیل پیش کیا، ہمیں اس ٹورنامنٹ سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں