پاکستان کے معاشی حالات کی خرابی کی وجہ حکومت کی کرپشن ہے
فیصل آباد: (انمول نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے الیکشن سے ڈرنے کی وجہ یہ بھی ہے کہ نومبر میں نیا آرمی چیف آنے والا ہے۔ زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ زرداری اور نواز شریف اپنا فیورٹ آرمی چیف لانا چاہتے ہیں۔ یہ ڈرتے ہیں کہ یہاں کوئی تگڑا اور محب وطن آرمی چیف آ گیا تو یہ پکڑے جائیں گے اس لیے یہ اپنا آرمی چیف لگانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا آرمی چیف ان سے این او سی لے کر بنائیں گے؟ یہ سکیورٹی رسک ہے کہ ان دونوں کی مرضی کا آرمی چیف لگایا جائے۔ میرٹ پر آرمی چیف لگانا چاہیے وہ کسی کا فیورٹ یا پسندیدہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے شریف خاندان اور زرداری خاندان پر چوری اور کرپشن کے الزامات عائد کیے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ اگلے اتوار ٹیلیتھون کر کے سیلاب متاثرین کے لیے اربوں کے فنڈز اکھٹے کروں گا۔ ’آپ کی تربیت بھی کروں اور آپ کو تعلیم بھی دوں کہ اپنے ملک کو کیسے اوپر اٹھانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جب تک کوئی ملک اپنی برآمدات بڑھا کر اپنی دولت نہیں بڑھاتا تو کبھی آئی ایم ایف کی غلامی اور کبھی کسی اور کی غلامی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے کسانوں کو اپنا حق دلایا، ہمارے دور میں 4فصلوں کی بڑی پیداوار ہوئی۔ سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ہم نےکسانوں کو شوگرملز مالکان سے بروقت رقم بھی دلوائی، ساڑھے 3سال میں ٹیکسٹائل انڈسٹری نے ترقی کی اور لوگوں کو روزگار ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ بجلی،پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے فیصل آباد میں انڈسٹری بند ہورہی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بیرونی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ، امپورٹڈ حکومت نے 4ماہ کے دوران ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کیلئے10 ارب درخت لگانے کا پلان ہے، موسمیاتی تبدیلی کیلئے شجرکاری کرضروری ہے ، آنے والی نسلوں کو بچانے کیلئے ہمیں شجر کاری کرنا ہوگی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کے بیان کا ویڈیو کلپ بھی چلایا جس میں وہ بیرون ملک سے قرض لینے کی بات کر رہے تھے۔
’ابھی آئی ایم ایف کی رپورٹ آئی ہے جس نے پہلی مرتبہ کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات کی خرابی کی وجہ حکومت کی کرپشن ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ساڑھے 3 سال حکومت میں بیٹھ کر عیاشی کرتا ہے اور پھر لوٹا بن جاتا ہے، مجھ سے وعدہ کریں آپ نے اس لوٹے کو کبھی کامیاب ہونے نہیں دینا ہے، لوٹوں کے دن ختم ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ضمیر فروشوں کے دن پرانے پاکستان میں رہ گئے، مخالفین بھی قائد اعظم کو صادق اور امین سمجھتے ہیں، صرف ایک آزاد قوم کی پرواز اوپر ہوتی ہے، وعدہ کریں آپ کبھی اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے، زرداری اور شریف خاندان 30سال سے چوری کررہے ہیں اور ان دونوں کا پیسہ باہر ہیں، نوازشریف نے مریم کے نام پر لندن میں جائیداد بنائی اور مریم کہتی ہے لندن تو کیا میری پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں ، مشکل آتی ہے تو یہ دونوں ملک سے باہر بھاگ جاتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے حقیقی آزادی کیلیے میرا ساتھ دینا ہے، بہت جلد حقیقی آزادی کیلیے کال دوں گا جبکہ ہم نے مل کر اس قبضہ گروپ کو ہٹانا ہے، عوام وعدہ کریں فیصل آباد سے لوٹوں کو نہیں جیتنے دیں گے۔