ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022: نسیم ہیرو بن گئے،افغانستان کو شکست، پاکستان اور سری لنکا فائنل میں پہنچ گئے
شارجہ:(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ایشیاکپ 2022 کے سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
افغانستان بیٹنگ
افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز اسکور کیے جب کہ افغانستان کی جانب سے ابراہیم زدران نے سب سے زیادہ 35 رنز اسکور کیے۔
افغانستان کی جانب سے حضرت اللہ زازئی نے 21، رحمان اللہ گربز 17 اور کریم جنت نے 15 رنز اسکور کیے جب کہ راشد خان 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، نسیم شاہ، محمد حسنین، محمد نواز اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان بیٹنگ
130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم شروعات میں مشکلات کا شکار رہی اور کپتان بابر اعظم صفر رن پر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ ٖفخرزمان کی گری جب وہ 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد رضوان بھی 45 رنز کے مجموعی اسکور پر 20 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
شاداب خان اور افتخار احمد نے وکٹ کو سنبھالتے ہوئے اسکور کو 87 رنز تک پہنچایا جب کہ افتخار احمد 30 اور شاداب خان 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔