عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کیلئے جیل چھوٹی چیز ہے، میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے گجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے مجھے اس قوم کے نوجوانوں کی بہت ضرورت پڑے گی۔
عمران خان نے کہا کہ جس تعداد میں آج میں اس جلسے میں خواتین دیکھ رہا ہوں اس پر میں الله کا شکر اداد کرتا ہوں کہ الله تو نے اس قوم کو جگا دیا ہے اور جاگی ہوئی قوم اور شعور والی قوم جس میں بیداری آجاتی ہے ، وہی قوم اپنی حقیقی آزادی کو چھینتی ہے اور وہی قوم جو حقیقی آزادی پر آزاد ہوتی ہے وہی اوپر جاتی ہے۔
میں اپنی قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ چار چیزیں ہے جو قوم کو، انسان کو حقیقی طور پر آزاد کرتی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ الله نے مجھے دنیا میں سفر کرنے کا موقع دیا، ہر معاشرے کو قریب سے دیکھا لیکن ایک چیز میں نے دیکھی کہ کبھی بھی کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی جب تک وہ غلامی کی زنجیریں نہیں توڑتی اور میری پوری کوشش ہے کہ میں اپنی قوم کو آزاد کروں ، چار چیزیں ہے جو ہمیں غلام رکھتی ہے ، سب سے پہلے یہ یاد رکھے کہ لا الہ الّا اللہ انسان کو آزاد کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کسی طرح عمران خان کو نااہل کیا جائے جبکہ حقیقی آزادی کیلئے جیل چھوٹی چیز ہے، حقیقی آزادی کیلئے میں جان قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہوں۔
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت نے تحریک انصاف کو ختم کرنے کی کوشش کی، انہوں نے سمجھا لوگ مٹھائیاں بانٹیں گے لیکن قوم سڑکوں پر آ گئی، ملک کی تاریخ میں کبھی عوام اس طرح سڑکوں پر نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر لے کر جاتے ہیں، ان کے پیسے باہر پڑے ہیں جو باہر سے حکم ملے گا وہ کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی لیکن انہوں نے لوگوں پر مہنگائی کا بم گرا دیا، امریکا کے ڈر سے انہوں نے روس سے گندم اور سستا تیل نہیں لیا۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کئی زبردست فیصلے کیے ہیں، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جو بھی فیصلہ کریں گے قبول کروں گا۔