جنوبی افریقہ نے 259 رنز کا ہدف حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا نیا ریکارڈ بنادیا۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف جنوبی افریقہ نے سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے کا ریکارڈ بنایا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 244 رنز کا ہدف کامیابی سے عبور کیا تھا۔سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں دونوں ٹیموں کا سب سے بڑا مجموعی ٹوٹل بھی بن گیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی بار مجموعی طور پر 500 سے زائد رنز بنے۔ جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مجموعی طور پر 517 رنز بنے۔ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں پر 257 رنز بنا کر جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 259 رنز کا ہدف دیا۔
اس پہاڑ جیسے ہدف کو جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔اسی میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاور پلے کے سب سے بڑی اسکور کا عالمی ریکارڈ بھی بنادیا۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پاور پلے میں جنوبی افریقہ نے بغیر کسی نقصان کے 102 رنز بنائے۔یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا پاور پلے اسکور ہے۔ اس سے قبل پاور پلے کا سب سے بڑا ٹوٹل 98 رنز ویسٹ انڈیز کا تھا۔