تحریر۔۔۔۔۔عبداللہ طارق سہیل
یورپی یونین نے حسن طلب کیا، پاکستان نے فرمائش پوری کر دی۔ چند روز پہلے 9 مئی سانحہ کے 25 مجرموں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائیں تو یورپی یونین نے ایک بیان میں اظہار عدم اطمینان کیا۔ عدم اعتماد کا بادی النظر میں یہی مطلب سمجھ میں آیا کہ بس 25 ؟، اتنے سے کیا ہو گا۔ گویا ھل من مزید کا حسن طلب تھا۔ ریاست نے کل ، کہا، 25 کم ہیں ؟ اچھا تو ، یہ لو مزید__ اور 60 مزید مجرموں کو سزائیں سنا دیں۔ دیکھئے، یورپی یونین کی طرف سے اظہار تشکر کب آتا ہے۔
_____
مرشد کو جیل میں اطلاع دی گئی کہ مزید 60 کو سزا ہو گئی ہے۔ مرشد نے کسی خاص ردّعمل کا اظہار نہیں کیا۔ لیکن جب مرشد کو یہ بتایا گیا کہ پاکستانی فوج نے سرحد پر ٹی ٹی پی کے دہشت گردی کے چار کیمپ اڑا دئیے ہیں اور 50 کے قریب دہشت گرد مارے گئے ہیں تو مرشد کو سخت صدمہ ہوا اور وہ کچھ دیر کیلئے سکتے میں آ گئے اور پھر جب انہیں بتایا گیا کہ مرنے والوں میں کئی جلیل القدر دہشت گرد بھی شامل ہیں جن میں سے کچھ تو نہایت جید قسم کے خودکش تھے تو مرشد کو مزید صدمہ ہوا اور وہ مزید سکتے میں آ گئے۔
بہرحال، سکتہ عارضی تھا ، جلد باہر نکل آئے۔ اظہار درد و الم کرنے کیلئے الفاظ نہیں مل رہے تھے، بس اتنا فرمایا کہ بہت افسوسناک بات ہے، سخت افسوس ہوا۔ یہ کہنے کے بعد ایک بار پھر عارضی سکتے میں چلے گئے۔ ملاقاتیوں نے اسے مراقبے پر محمول کیا۔ ملاقاتیوں کے ذریعے جو خبریں چھن چھن کر ہم عامیوں تک پہنچتی ہیں، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ عرصے سے مرشد بہت زیادہ مراقبے میں جانے لگے ہیں۔ یعنی مدارج میں ترقی ہو رہی ہے۔ خیر، مراقبے سے باہر آئے تو فرمایا کہ پاکستان کا امن تباہ ہو جائے گا، یعنی یہ جو واقعہ بارڈر پر سانحہ عظیم کی صورت میں پیش آیا ہے، اس کے نتیجے میں۔
کیا مرشد نے دھمکی دی ہے؟۔ اہل نظر حضرات کا جواب نفی میں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ناساز گار حالات اور ناگفتہ بہ عوارض کی وجہ سے مرشد اب دھمکی دینے کی پوزیشن میں نہیں رہے۔ پھر مرشد نے جو کہا پاکستان کا امن تباہ ہو جائے گا تو اس کا مطلب کیا ہے، کیا یہ پیش گوئی ہے؟۔ اہل نظر اس کا جواب بھی نفی میں دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مرشد کی سینکڑوں پیش گوئیوں میں سے آج تک ایک بھی پوری نہیں ہوئی اس لئے مرشد نے پیش گوئیاں کرنے سے ہاتھ اٹھا لیا ہے، تو پھر مرشد نے یہ کیوں کہا کہ پاکستان کا امن تباہ ہو جائے گا؟۔
اہل نظر نے بتایا کہ دراصل مرشد نے پاکستان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، یعنی شبھ کامنائیں بتائی ہیں۔ مرشد ہمیشہ پاکستان کیلئے دعاگو رہتے ہیں، یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، اہل نظر نے مزید بتایا…!
_____
صدمہ سکتے میں بدل جاتا ہے اور سکتہ مراقبہ بن جاتا ہے، رحونیاتی سائنس کا پرانا فارمولا ہے اور جب بھی مراقبہ براستہ صدمہ و سکتہ طاری ہو تو صاحب مراقبہ کی زبان صدق بیاں بن جاتی ہے۔ کل مرشد کے ساتھ، بھی ایسا ہی ہوا۔ رحونیاتی سائنس کے فارمولے کبھی غلط ثابت نہیں ہوئے۔
تو حالت مراقبہ میں کل مرشد نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت سنبھل گئی ہے۔ ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے تسلیم کیا کہ حکومت نے معیشت کو سنبھال لیا ہے۔ انہوں نے ناقابل بیان صدمے کی کیفیت میں اطلاع دی کہ ملک دیوالیہ ہونے سے بچ نکلا ہے۔
اس سے پہلے کہ یہ صدمہ، سکتہ سوئم اور پھر مراقبہ چہارم مں بدل جاتا کسی اور صحافی نے کوئی اور سوال کر دیا، یوں مرشد کی توجہ اس طرف سے ہٹ گئی۔
_____
اس موقع پر بعض صحافیوں کو مرشد کی وہ پیش گوئی یاد آ گئی جو وہ دو سال کے دوران بار بار کرتے رہے کہ، لکھ لو، پاکستان دیوالیہ ہو کر رہے گا۔ لکھ لو والی اس شبھ کامنا میں سری لنکا، سقوط ڈھاکہ کے مکرّر ہونے کی بھی مرشد نے پیش گوئی کی ، ٹی وی پر تشریف فرما ہائبرڈ دور میں تو لّد ہونے والے اینکر پرسن اور تجزیہ نگار ایک ایک گھنٹے کے شو کرتے اور عوام کو بتاتے کہ ملک کا دیوالیہ ہونا عرش پر لکھا جا چکا ہے، اہل نظر نے خود وہاں تک نظر دوڑائی ہے اور یہ بتایا ہے کہ معاملہ اٹل ہے۔ پاکستان اب نہیں بچ سکتا۔ اور اہل نظر کی یہ اطلاع بھی ہے کہ مرشد کو دوبارہ کرسی پر بٹھا کر ہی اس آئی کو ٹالا جا سکتا ہے۔
خبر، مرشد نے مراقبے کے عالم مں کل جو فرمایا، اس سے میڈیا پرسن حضرات کے غول بیابانی میں ہراسانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ بھگوان شانتی دے۔ شانتی اوم، جے جگدیش ھرے__ بھگت جنوں کے سنکٹ، چھن…میں دور کرے۔
گئے وقتوں میں ایک مزاحیہ اداکار پیپر میلر ہوا کرتا تھا۔ اس کی ایک فلم بہت ہٹ ہوئی تھی، غالباً اس کا نام ’’دی پارٹی‘‘ تھا۔
اس میں دکھایا گیا کہ فلم کی شوٹنگ ہو رہی ہے۔ ایک بہت بڑا محل دکھایا گیا جہاں کوئی سین ہونا تھا، پھر دشمن نے اسے بم سے اڑا دینا تھا۔ ابھی تیاری چل رہی تھی کہ پیٹر میلر آیا اور بے دھیانی میں اس لیور پمپ کو سٹول سمجھ کر اس پر بیٹھ گیا جسے دبانے سے ڈائنامیٹ سے پھٹنا اور سیٹ کو اڑا دینا تھا۔
نتیجہ یہ کہ بم پھٹ گیا، سین ابھی تیاری میں تھا کہ محل پہلے ہی اڑ گیا، فلمساز کی فلم گویا تباہ ہو گئی۔
پی ٹی آئی نے زرکثیر کی لاگت سے ایک شاندار بلکہ شاندار ترین محل بنایا تھا، 9 مئی کے حوالے سے، جس کا نام ’’فالس فلیگ آپریشن پیلس ‘‘ تھا۔ ہر طرف دھوم مچا دی تھی یہ انکشاف کر کے کہ نو مئی کے سانحے سے پی ٹی آئی کا کچھ لینا دینا نہیں، یہ تو فوج اور ایجنسیوں کا کیا دھرا تھا، یعنی کیا ایجنسیوں نے، دھرا پی ٹی آئی کو گیا۔ بہت سے لوگوں نے اس بات کو مان بھی لیا کہ جلائوگھیرائو کرنے والے سبھی سادہ پوش اہلکار تھے، معصومانِ پی ٹی آئی تو بے چارے ایک طرف کھڑے دہی سے روٹی کھا رہے تھے۔
محل بڑا شاندار تھا، نظر ٹکتی تھی تو ہٹتی نہیں تھی۔ پھر کیا ہوا، 9 مئی کے مجرموں کو سزائیں سنا دی گئیں اور ساتھ ہی ہر مجرم کے کئے دھرے کی وڈیو بھی دکھا دی گئی۔ عین اس موقع پر مرشد نے بے دھیانی میں پیٹر سیلر کا کردار نبھاتے ہوئے ڈائنامائیٹ کے پمپ پر تشریف فرمائی کر دی یہ کہہ کر کہ ہمارے کارکنوں کو سزائیں دے کر انصاف کا قتل کیا گیا ہے، اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔
ڈائنا مائٹ چل گیا، فالس فلیگ آپریشن نام کا فقید المثال محل بھک سے اڑ گیا۔ اب پیٹر سیلر حیران کھڑا سوچ رہا ہے کہ یہ میں نے کیا کر دیا۔ ہائے رام، یہ کا ھوئی گوا !
_____
ایک بات تو مرشد کے کٹڑ مخالف بھی مانتے ہیں کہ مرشد نے نوجوان نسل کی بڑی تعداد کو شعور عطا کیا ہے، بے مثال، فقید المثال شعور، ایسا شعور کہ ہماری نئی نسل کی یہ خاصی بڑی تعداد دنیا بھر کے شعور مند نوجوانوں کو کوسوں پیچھے چھوڑ گئی ہے۔ مثال کے طور پر یہ شعور تازہ کے دو ایکٹ ملاحظہ ہوں
ایکٹ نمبر 1 __ مرشد نے کہا، امریکی غلامی نامنظور…،امریکہ ہمارا دشمن ہے؟ امریکہ مردہ باد۔
نوجوان نسل: امریکی غلامی نامنظور، امریکہ دشمن ، امریکہ مردہ باد
ایکٹ نمبر 2 _
مرشد۔ امریکہ ہمارا نجات دہندہ ہے، محسن ہے، آزادی دلا ئے گا، امریکہ زندہ باد
نوجوان نسل (شعور نو پانے کے بعد) امریکہ ہمارا محسن ہے، امریکہ ہمیں آزادی دلائے گا، امریکہ زندہ باد، جیوے جیوے، امریکہ جیوے۔
اس کایا کلپ شعور کا اعتراف ہر باشعور کو کرنا ہو گا۔
بشکریہ ۔۔۔۔۔عبداللہ طارق سہیل
پاکستان سے جرمنی کا ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری
روپے کی بے قدری جاری، انٹراور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مہنگا
بھارتی آرمی چیف کا بیان مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی ناکام کوشش ہے: آئی ایس پی آر
پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع اور چیف آف آرمی سٹاف کے بیانات کو مسترد کر دیا
بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑی کمی کا امکان
پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے
پاکستان کبھی بھی امریکا کا ٹیکنیکل اتحادی نہیں رہا: ترجمان امریکی قومی سلامتی
موجودہ پروگرام آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا: محمد اورنگزیب
2024 میں کتنے بیرون ملک ملازمت کیلئے چلے گئے ؟ حیران کن اعدادو شمار سامنے آ گئے
چند گھنٹوں کا مارشل لا مہنگا پڑ گیا، جنوبی کوریا کے صدر گرفتار