ڈی سی واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی نشریاتی ادارے سی این این پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کر دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا کی ضلعی کورٹ فورٹ لاڈرڈیل میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ سابق امریکی صدر نے بے جا تنقید کر کے سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر 47 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کیا۔
مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سی این این نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سیاسی طور پر شکست دینے کے لیے بدکاری اور بہتان پر مشتمل باقاعدہ مہم چلائی۔
سابق امریکی صدر نے الزام عائد کیا کہ سی این این نے مجھے نسل پرست، روس کا حامی، ہٹلر اور بغاوت پسند ہونے کے گھناؤنے، جھوٹے اور ہتک آمیز القاب سے بھی پکارا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مقدمے میں ایسے واقعات کی فہرست بھی پیش کی جس میں ’’سی این این‘‘ نے ان کا ہٹلر سے موازنہ کیا اور بشمول میزبان فرید زکریا کی جنوری 2022 کی خصوصی رپورٹ میں جرمن آمر کی فوٹیج بھی شامل تھی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 29 صفحات پر مشتمل مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی این این کا ان پر تنقید کرنے کا طویل ماضی ہے لیکن حالیہ مہینوں میں اس میں اضافہ ہوا ہے کیوںکہ سی این این کو خدشہ ہے کہ سابق صدر 2024 میں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑیں گے۔
286